مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان کو توڑنے اور بنگلہ دیش بنانے میں بھارت کا کردار تھا اس لئے بھارت نے پاکستان کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ پارلیمنٹ میں بجٹ بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کا بنگلہ دیش میں بیان قابل مذمت ہے جس پر دفترخارجہ کو بیان کی مذمت کرنی چاہیئے جب کہ اشارے ملتے رہے ہیں کہ پاکستان میں اور خاص طور پر بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت رقبے سے اعتبار سے بڑا ہے لیکن جذبے میں نہیں، آج بھی پاکستانی قوم میں مذہبی جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں رہا ہے اور پاکستان مخالف سوچ کا اظہار بنگلہ دیش میں بھارتی وزیراعظم کے بیان سے ہوا ہے۔
آپ کا تبصرہ